194

دانش سکول ٹبہ سلطان پور کے لیے ایک ارب دو کروڑ 30 لاکھ کی منظوری

ایم این اے سعید احمد خان منیس نے ڈی سی او علی اکبر بھٹی کے ہمراہ ٹبہ سلطان پور میں دانش سکول کی عمارت کا معائنہ کیا۔

ایس ڈی او پراونشل بلڈنگز سید منصور علی شاہ نے منصوبہ کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 100 ایکڑ پر مشتمل دانش سکول کے منصوبہ کی 10 ہزار فٹ طویل چار دیواری کا نو ہزار فٹ حصہ تعمیر کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے، تعمیراتی کام کو آٹھ مختلف گروپس میں تقسیم کر کے کام شروع کیا گیا ہے۔

‘اس وقت اکیڈمک بلاک، ہاسٹل بلاک، رہائشی بلاک اور انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے، منصوبہ میں لائبریری، کینٹین اور کھیلوں کے میدان بھی شامل ہیں لیکن ابھی ان کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔’

سعید احمد خان منیس نے شرکا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 100 ایکڑ پر مشتمل دانش سکول ٹبہ سلطان پور کی جدید اور خوبصورت عمارت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک ارب دو کروڑ 30 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا 25 فی صد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دانش سکول کے منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر تقریباً 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے لیکن یہ رقم منصوبہ کی تکمیل کے لیے ناکافی تھی۔

‘جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے منصوبہ کی تکمیل کے لیے رقم کو 90 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب دو کروڑ 30 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ دانش سکول کا منصوبہ جدید فن تعمیر کا اعلی نمونہ ہو گا اور دانش سکول طلبا و طالبات کے لیے جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت کا بھی گہوارہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دانش سکول کی اپروچ روڈ کے لیے ملتان روڈ اور ٹبہ سلطان پور سے دو الگ راستوں پر پختہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جن کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری حاصل کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں