280

‘آئیے دیکھیئے ہم فروغ تعلیم کے لیے کیسے کوشاں ہیں

‘آئیے دیکھیئے ہم فروغ تعلیم کے لیے کیسے کوشاں ہیں’

احسان باری

سکول میں دو ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں

سکول میں دو ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں

پنجاب میں سرکاری سکولوں کے باہر لکھا نظر آتا ہے جس پر نمایاں الفاظ میں لکھا ہوتا ہے، ‘آئیے دیکھیئے ہم کیسے فروغ تعلیم کے لیے کوشاں ہیں’ مگر کئی سرکاری سکول ایسے بھی ہیں جو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

وہاڑی کے تاریخی تعلیمی ادارے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول کا شمار بھی ایسے ہی چند سکولوں میں ہوتا ہے جو اپنی کارکردگی کے باعث جداگانہ پہچان رکھتا ہے۔

شہر کے عین وسط میں جناح روڈ پر واقع گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول کا رقبہ تقریباً 17 ایکڑ ہے۔

سکول کا آغاز سنہ 1927ء میں پرائمری کی سطح پر شروع ہوا جس کو سنہ 1936ء میں مڈل اور پھر قیام پاکستان سے قبل سنہ 1944ء میں ہائی سکول کا درجہ دے دیا گیا۔

سکول کے پہلے ہیڈ ماسٹر دین محمد قریشی تھے، آج کل بورے والا سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم محمد افضل بھٹی سینئر ہیڈ ماسٹر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

سکول میں فٹ بال، ہاکی کے لیے پلے گراؤنڈ اور باسکٹ بال کا ہارڈ کورٹ بھی موجود ہے

سکول میں فٹ بال، ہاکی کے لیے پلے گراؤنڈ اور باسکٹ بال کا ہارڈ کورٹ بھی موجود ہے

ڈپٹی ہیڈ ماسٹر منیر احمد جوئیہ نے سجاگ کو بتایا کہ سکول سے فارغ التحصیل طلباء اس وقت ملک کے مختلف محکموں اور شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکول کے ہونہار طلباء میں سابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج لائق احمد قریشی، ہاکی اولمپیئن پلئیر سلیم شیروانی، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان وقار یونس سمیت بہت سے ڈاکٹرز، ججز، فوجی افسران اور سیاستدان شامل ہیں۔

“شہر میں بہت سے پرائیویٹ سکولز ہونے کے باوجود ہائی سکول میں دو ہزار 345 طلباء زیر تعلیم ہیں جن کو 82 اساتذہ زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں۔”

سکول میں موجود سہولیات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایڈمن بلاک کے علاوہ 46 کلاس رومز، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی کی لیب، میتھ ریسورس روم اور ٹیکنیکل لیباٹری موجود ہیں۔

خورشید ہال نے سکول کی اہمیت کو چار چاند لگائے ہوئے ہیں

خورشید ہال نے سکول کی اہمیت کو چار چاند لگائے ہوئے ہیں

انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول سپورٹس کے میدان میں بھی اپنی شاندار تاریخ رکھتا ہے۔ سکول کی ہاکی اور باسکٹ بال ٹیم ملتان بورڈ کی چمپیئن ہے اور صوبائی سطح پر بھی کئی اعزاز سمیٹ چکی ہیں۔

”سکول میں فٹ بال، ہاکی کے لیے پلے گراؤنڈ اور باسکٹ بال کے لیے ہارڈ کورٹ موجود ہے جبکہ کثیرالمقاصد خورشید ہال نے سکول کی اہمیت کو چار چاند لگائے ہوئے ہیں۔”

منیر احمد جوئیہ نے بتایا کہ بچوں کا کتاب سے رشتہ قائم رکھنے کے لیے سکول میں لائبریری قائم ہے جس میں پانچ ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے نے ہمیشہ شاندار نتائج دیئے ہیں اس سال بھی نویں کے نتائج میں سکول کے طالب علم محمد بلال نے ملتان بورڈ میں 505 نمبرز میں سے 500 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

تاریخی اہمیت کے حامل سکول کو چند ایک مسائل کا بھی سامنا ہے

تاریخی اہمیت کے حامل سکول کو چند ایک مسائل کا بھی سامنا ہے

”نویں کے امتحانات میں حافظ عبدالحنان نے 498، حافظ محمد بن طارق اور حسان طاہر نے 495 اور رومیل علی نے 490 نمبر حاصل کیے جو طلباء اور اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”

ڈپٹی ہیڈ ماسٹر منیر احمد جوئیہ کہتے ہیں کہ تاریخی اہمیت کے حامل سکول کو کئی ایک مسائل کا بھی سامنا ہے۔

ان مسائل میں سکول میں تعداد کی مناسبت سے کلاس رومز، ٹوائلٹ بلاک، پینے کے صاف پانی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سائیکل سٹینڈ کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق درجہ چہارم کی 11 آسامیاں منظور شدہ ہیں مگر صرف تین ملازمین کام کر رہے ہیں کیونکہ ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کی جگہ نئی بھرتی نہیں ہو سکی، جس کی باعث سکول کے انتظام میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ہیڈ ماسٹر کے مطابق سکول میں صاف پانی کے لیے فلٹریشن پلانٹ دستیاب نہیں

ہیڈ ماسٹر کے مطابق سکول میں صاف پانی کے لیے فلٹریشن پلانٹ دستیاب نہیں

وہ سمجھتے ہیں کہ سکول میں ایس ایس ٹی بائیو اور ایس ایس ٹی کیمسٹری کے لیے مزید کم از کم چار اساتذہ کی ضرورت ہے، اگر اساتذہ کی تعداد بڑھا دی جائے تو سکول میں سائنس کے طلباء کی تعداد میں بھی مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

سکول ہذا کے سینئر استاد عبدالرؤف مودودی نے سجاگ کو بتایا کہ سنہ 1946ء میں اس سکول میں پڑھنے والے جوگیندر سنگھ گزشتہ سال کینیڈا سے اپنا سکول دیکھنے وہاڑی آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ سکول میں پڑھنے والے کئی طالب علم اپنے آبائی شہر کا چکر لگاتے وقت سکول میں ضرور آتے ہیں اور اپنی مادر علمی کو دیکھ کر اپنی طالب علمی کا دور یاد کرتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں