سابق امیدوار چیئرمین ضلع کونسل و لیگی رہنما زاہد اقبال چودھری نے نمائندہ سجاگ سے ایک ملاقات میں کہا کہ حلقہ این اے 169 میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ درجنوں دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی سے عوام کا معیار زندگی بلند کیا ہے آئندہ بھی کوشش جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہاڑی شہر میں سوئی گیس آئے تیرہ سال ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں سوئی گیس کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
اس حوالے سے ایم این اے طاہر اقبال چودھری نے تمام علاقوں پر مشتمل ایک تفصیلی رپورٹ حکومت کو بھجوائی ہے بہت جلد ناصرف شہر بلکہ پانچ کلو میٹر دور تک ملحقہ دیہاتوں میں بھی سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
وہ بتاتے ہیں کہ وفاقی حکومت کو چند ایک منصوبہ جات بارے رپورٹ بھجوائی ہے جس پر حکومت کی جانب سے پورے کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے اگر انہیں منظور کیا گیا تو حلقہ میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
وہاڑی میں بلدیہ کی جانب سے عید صفائی مہم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلدیہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے انتہائی مثبت قدم ہے کیونکہ صفائی شہر کا بنیادی مسئلہ ہے گو کہ وہاڑی شہر بہت سے شہرو ں سے خوبصورت اور صاف ستھرا ہے لیکن اپنی کوششوں اور عوام کے تعاون سے اسے مزید چار چاند لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ایک سال باقی ہے جس کی تیاری شروع کر دی ہے عوامی قیادت کا ہمارا دعویٰ ابھی بھی برقرار ہے۔ آئندہ الیکشن میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر عوامی خدمت کو یقینی بنائیں گے۔