یکم جولائی 1976ء کے دن کو وہاڑی میں ہمیشہ تاریخی اہمیت حاصل رہےگی کیونکہ اس روز ملتان کی تحصیل وہاڑی کو ضلع کا درجہ دیا گیا تھا۔
اسی روز وہاڑی کی اہم شاہراہ دلی ملتان روڈ پر یادگار کے طور پر وکٹری کے نشان سے مزین وی چوک کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا جسے بعد ازاں باقاعدہ پارک میں تبدیل کر دیا گیا۔
وی چوک نا صرف ضلع بننے کی یادگار کے حوالے سے جانا جاتا ہے بلکہ اسے وہاڑی کا سب سے اہم لینڈ مارک بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس چوک سے پورے شہر میں با آسانی پہنچا جا سکتا ہے۔
سابق ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی میاں آصف خورشید نے بتایا کہ ان کے والد میاں خورشید انور نے اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف رامے سے ملتان میں آخری میٹنگ کی جہاں انہوں نے وہاڑی کو ضلع بنانے کی خواہش ظاہر کی جسے بالآخر منظور کر لیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی 1976ء کو میاں خورشید انور نے وی چوک کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
وہاڑی کے پہلے ڈپٹی کمشنر محمد سعید ملک نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا اور وی چوک کے منصوبہ کو ذاتی دلچسپی سے مکمل کرایا۔
وزراء، سیاستدان، افسران اور دوسرے شہروں یا ملکوں سے آئے ہوئے مہمانوں کے استقبال کے علاوہ ہر قسم کے احتجاج بھی اسی چوک پر ہوتے ہیں۔ ’’چودھری فاروق‘‘
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وہاڑی کے پہلے ڈپٹی کمشنر کے صاحبزادے عمر سعید ملک اس وقت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے عہدے پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
ایگزیکٹو ممبر بار سید رفاقت صدیق شاہ نے بتایا کہ وی چوک وہاڑی کی پہچان بن چکا ہے۔
جب بھی کسی دوسرے شہر سے آنے والے شخص کو وی چوک کا ایڈریس بتاتے ہیں تو وہ آسانی سے پہنچ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وی چوک بس سٹاپ بھی ہے جہاں سے لاہور، ملتان، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کی گاڑیاں نکلتی ہیں۔
وی چوک کے کچھ فاصلے پر نجی ٹرانسپورٹ اڈے بھی بن چکے ہیں جن کی وجہ سے تجاوزات اور گاڑیوں کے سڑک پر رکنے سے ٹریفک مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
انجمن شہریاں وہاڑی کے چیئرمین شیخ عدنان کا کہنا ہے کہ چند سال قبل وی چوک پارک کے گرد شاہراہوں پر بڑے حادثات معمول بن چکے تھے جس کے ازالے کے لیے پارک کو تین حصوں میں تقسیم کر کے دو گول چکر بنا دیے گئے جس سے ٹریفک کی روانی کچھ بہتر ہو گئی ہے۔
سماجی رہنما چودھری فاروق نے بتایا کہ کسی بھی شعبہ میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے پر استقبال بھی وی چوک پر ہی کیا جاتا ہے اس کے علاوہ کئی وزیر، مشیر یا سیاستدانوں کو بھی وی چوک پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تحصیل نظامت کے دور میں وی چوک پارک کی بحالی و مرمت کی گئی اور اسے ٹریفک کی بحالی کے لیے زیادہ موزوں بنایا گیا۔
معروف تجزیہ کار منیر احمد خان نے بتایا کہ بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں وی چوک پارک بہت معاون ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں آنے والے سیاستدانوں نے اس میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا۔
منیر احمد خان کے مطابق شہر میں کسی بھی سیاسی، سماجی، تاجر یا کسان نمائندہ جماعت کے احتجاج کا بھی وی چوک ہی محور ہے۔
ان کا کہنا ہے وی چوک کے قریب تجاوزات اور نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کا خاتمہ کیا جانا چاہیئے تاکہ یہاں پر ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہ بن سکے۔