ملکی ثقافت کو زندہ رکھنے اور نوجوان نسل کو ثقافت کے قریب لانے کے لیے متعدد تعلیمی ادارے کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کرتے ہیں جس سے نئی نسل کو اپنی روایات اور رسم و رواج کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
سپیرئیر کالج وہاڑی میں سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں انتظامیہ، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے علاوہ طلبہ کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کالج کے تمام طلباء کو دو ہاؤسز بنائے گئے جن میں طلباء کے دو ہاؤس امجد اور قمر ہاؤس اور اسی طرح طالبات کے سعدیہ اور جویریہ کے نام سے الگ الگ ہاؤس بنائے گئے تھے۔
سعدیہ ہاؤس کی طالبات نے پنجابی روایات کی عکاسی کرنے کے لیے مارچ پاسٹ کیا جن میں خواتین کی پنجابی ڈریسنگ، روایتی گھڑے کے ساتھ واک، شادی کے موقع پر روایتی مہندی پروگرام کی منظر کشی اور ککلی وغیرہ شامل تھے۔
کالج کے طلباء و طالبات کے درمیان رسہ کشی، تھری لیگ ریس، سو میٹر ریس، کرکٹ، بیڈمنٹن اور فٹ بال کے مقابلے ہوئے اور اس کے علاوہ دیسی کھانے بنانے کے مقابلے بھی ہوئے۔
سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کے موقعے پر طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ ہم پورے ملک میں امن کے خواہش مند ہیں اور دہشت گردی مقابلہ اسی طرح پُرامن طریقوں سے کرتے رہیں گے۔
فیسٹیول کے حوالے سے طلبہ نے کہا کہ ایسے پروگراموں سے ہم اپنے کلچر کی اہم یادوں کو زندہ کیے ہوئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلباء و طالبات کو ٹرافیاں اور میڈلز دئیے گئے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی، ڈی ایس پی مظہر احمد وٹو، چیئرمین بلدیہ شیخ محمد حسین، صدر بار راؤ شیراز رضا، جنرل سیکرٹری رائے عامر اسلم، سابق ایم این اے نور خان بھابھہ، آفتاب احمد خان، ڈپٹی ڈی او ایجوکیشن چودھری محمد معروف، اپوزیشن لیڈر ضلع کونسل زاہد اقبال چوھری، لیگی رہنما میاں آصف خورشید، چیف آفیسر بلدیہ راؤ نعیم خالد کے علاوہ متعدد مہمانوں نے شرکت کی۔